محمد عامر کی افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے رجسٹریشن، برطانوی شہری کی حیثیت سے نام درج

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد عامر نے برطانوی شہری کی حیثیت سے لیگ کے لیے اپنا نام رجسٹر کروایا ہے۔ برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد وہ برطانوی شہریت بھی حاصل کرچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق اے پی ایل کے پلیئرز ڈرافٹ کے لیے پاکستان کے متعدد کھلاڑیوں نے بھی رجسٹریشن کروائی ہے، جبکہ کھلاڑیوں کا ڈرافٹ کل منعقد ہوگا۔

واضح رہے کہ برطانوی شہریت رکھنے کی وجہ سے محمد عامر کو افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے پی سی بی سے این او سی حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں