شہرت ملنے پر کچھ کھلاڑی سیکھنا چھوڑ دیتے ہیں، محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ بعض کھلاڑی شہرت حاصل کرنے کے بعد سیکھنا چھوڑ دیتے ہیں، حالانکہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں مسلسل محنت اور سیکھنے کا عمل جاری رکھنا ضروری ہے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے بہت سے ایسے کرکٹرز دیکھے ہیں جو مشکل وقت آنے پر محنت کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم اس ٹیلنٹ کو نکھار کر تیار کرنا ایک مشکل کام ہے، جو پی سی بی اکیلے نہیں کرسکتا۔ اس مقصد کے لیے فرنچائزز، کرکٹ ایسوسی ایشنز اور دیگر متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں سفارش نہیں چل رہی، محسن نقوی

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بورڈ نے اپنے نظام میں بہتری لانے کے لیے کام کیا ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب ڈومیسٹک کرکٹ میں سفارش بالکل نہیں چل رہی۔

محسن نقوی نے کہا کہ کھیلوں میں لڑکیوں کو بھی لڑکوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھنے کے مواقع ملنے چاہییں۔ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کھیلوں کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، جسے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔

لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی تعریف

محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے حوالے سے لاہور قلندرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پلیئرز ڈویلپمنٹ کے شعبے میں لاہور قلندرز سب سے بڑھ کر کام کرنے والی اور صفِ اول کی فرنچائز ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں