رگبی ورلڈ کپ 2027 اور 2029 کیلئے وول ورتھس کے ساتھ اہم شراکت داری کا اعلان

ورلڈ رگبی نے آسٹریلیا میں ہونے والے مینز رگبی ورلڈ کپ 2027 اور ویمنز رگبی ورلڈ کپ 2029 کے لیے معروف ریٹیل کمپنی وول ورتھس کو آفیشل سپر مارکیٹ سپورٹر مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

آسٹریلیا میں رگبی کے دو بڑے عالمی مقابلوں کی تیاریاں تیز ہوگئی ہیں۔ ورلڈ رگبی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی معروف ریٹیل کمپنی وول ورتھس (Woolworths) دونوں عالمی ٹورنامنٹس میں باضابطہ شراکت دار کے طور پر خدمات انجام دے گی۔

اس معاہدے کا مقصد رگبی کے عالمی مقابلوں کو شائقین کے مزید قریب لانا، مقامی کمیونٹیز کی شرکت بڑھانا اور کھیلوں کے ذریعے صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔

وول ورتھس کے آسٹریلیا میں ایک ہزار سے زائد جبکہ نیوزی لینڈ میں 180 سے زیادہ اسٹورز موجود ہیں۔ کمپنی اپنے وسیع ریٹیل نیٹ ورک کے ذریعے شائقین کو عالمی مقابلوں کی سرگرمیوں سے منسلک کرنے میں کردار ادا کرے گی۔

ورلڈ رگبی کے چیف ریونیو آفیسر مشیل پوسو نے شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ رگبی ورلڈ کپ صرف میدان میں ہونے والے مقابلوں تک محدود نہیں بلکہ یہ مختلف ممالک اور ثقافتوں کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا بھی اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وول ورتھس کے ساتھ شراکت داری سے شائقین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے اور مقامی کمیونٹیز کو عالمی ٹورنامنٹس کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

دوسری جانب وول ورتھس کے چیف مارکیٹنگ آفیسر شان بیریٹ نے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے عوام کھیلوں اور مقامی تازہ غذائی مصنوعات سے خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں۔ رگبی ورلڈ کپ کے ساتھ شراکت داری ان دونوں شعبوں کو یکجا کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔

کمپنی کے مطابق اس تعاون کے ذریعے مقامی مصنوعات کو فروغ دینے کے ساتھ شائقین کو میچوں کے دوران مختلف سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں وول ورتھس کا ریٹیل میڈیا نیٹ ورک کارٹولوجی بھی عالمی مقابلوں کے دوران مختلف برانڈز اور کاروباری اداروں کو شائقین تک رسائی کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ مینز رگبی ورلڈ کپ 2027 کا آغاز یکم اکتوبر 2027 کو آسٹریلیا میں ہوگا، جس میں دنیا کی 24 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ چھ ہفتوں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے 52 میچز آسٹریلیا کے سات میزبان شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

منتظمین کے مطابق عالمی مقابلوں کے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے جبکہ شائقین کے لیے خصوصی سفری اور مہمان نوازی کے پیکجز بھی دستیاب ہیں۔

آسٹریلیا 2029 میں ویمنز رگبی ورلڈ کپ کی میزبانی بھی کرے گا، جس کے لیے انتظامی اور تجارتی شراکت داریوں پر کام جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں