فیفا کا فٹبال کی ترقی کے لیے 6.35 ارب ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا منصوبہ

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کی ریکارڈ تجارتی کامیابی کے بعد دنیا بھر میں فٹبال کی ترقی کے لیے فنڈز میں نمایاں اضافے کا منصوبہ پیش کردیا۔

فیفا کے مجوزہ منصوبے کے تحت 2027 سے 2030 کے دوران فٹبال کی ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جس سے پاکستان سمیت فیفا کے تمام 211 رکن ممالک مستفید ہوسکیں گے۔

منصوبے کے تحت ہر رکن ملک کو ڈھائی کروڑ ڈالر تک فنڈز فراہم کرنے کی تجویز ہے، جبکہ اس نئے پروگرام کی حتمی منظوری مارچ 2027 میں فیفا کانگریس سے مشروط ہوگی۔

فیفا کونسل دسمبر 2026 کے اجلاس میں مجوزہ فنڈنگ منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دے گی۔ فنڈز کی تقسیم میں خواتین اور نوجوانوں کے فٹبال کے فروغ اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی۔

فیفا نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کے ذخائر برقرار رکھنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبہ واپس لینے کا اعلان

دوسری جانب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے متنازع فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبے میں ہونے والی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کرلی۔
جیانی انفینٹینو نے کہا کہ فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبہ مستقل طور پر واپس لے لیا گیا ہے اور اسے کسی بھی شکل میں دوبارہ پیش نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیفا کے فنڈز تنظیم کے 211 رکن ممالک کے لیے ہیں۔ گزشتہ 10 برس کے دوران فی رکن ملک فنڈنگ 10 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

فیفا میں گورننس اور تادیبی قوانین کا بھی جائزہ لیا جائے گا

فیفا کونسل نے تنظیم کے انتظامی نظام میں ممکنہ اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کونسل نے فیفا پیس پرائز کا جائزہ لینے کی ذمہ داری بھی متعلقہ کمیٹی کو سونپ دی ہے، جبکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ دسمبر میں ہونے والے اجلاس میں متوقع ہے۔

اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائیوں کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ امریکی فٹبالر فولارین بالوگن کی ایک میچ کی معطلی مشروط طور پر مؤخر کیے جانے کے بعد تادیبی قوانین پر نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فیفا کی قانونی کمیٹی دسمبر میں ہونے والے کونسل اجلاس میں تادیبی طریقہ کار سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں