پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے جانے کے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ نہ لینے کا اعلان کردیا۔
رونالڈو نے سوشل میڈیا پر تقریباً 2 ہزار الفاظ پر مشتمل بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل فٹبال جاری رکھنا چاہتے ہیں اور فٹ ہونے کی صورت میں پرتگال کی نمائندگی کے لیے ہمیشہ دستیاب ہوں گے۔
رونالڈو کے مطابق قومی ٹیم کے کیمپ سے چلے جانے پر وہ سزا کے مستحق ہیں اور پرتگالی فٹبال فیڈریشن کو ان کے اقدامات کے نتائج کا جائزہ لے کر انہیں سزا دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سزا میں کمی نہیں کی جانی چاہیے، وہ پہلے ہی معذرت کرچکے ہیں اور جانتے ہیں کہ ہر اقدام کے نتائج ہوتے ہیں۔
کوچ سے اختلافات پر رونالڈو کی وضاحت
رونالڈو نے پرتگال کے ہیڈ کوچ جارج جیسس کے ساتھ اختلافات کے بارے میں بھی کھل کر مؤقف پیش کیا۔
ان کے مطابق جارج جیسس کے ساتھ ایک منصوبے پر اتفاق ہوا تھا جس کے تحت انہیں ناروے اور ڈنمارک کے خلاف میچز میں فٹنس برقرار رکھنے کے لیے آرام دیا جانا تھا، تاہم ناروے کے خلاف میچ کے روز کوچ نے انہیں بتایا کہ وہ 30 منٹ کھیلیں گے۔
رونالڈو نے کہا کہ وہ دوسرے ہاف کے آغاز سے وارم اپ کرتے رہے لیکن انہیں میدان میں نہیں اتارا گیا، جس سے انہیں محسوس ہوا کہ کوچ نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔
اسٹار فٹبالر کے مطابق بعد میں جارج جیسس کے ساتھ ملاقات میں طے ہوا تھا کہ کوچ اگلی پریس کانفرنس میں اس معاملے کی وضاحت کریں گے، تاہم ان کے بقول کوچ نے ایسا نہیں کیا بلکہ پریس کانفرنس میں جارحانہ انداز اختیار کیا، جس سے دونوں کے درمیان اعتماد متاثر ہوا۔
پرتگال کی ٹیم سے الوداعی میچز ہوں گے: رونالڈو
رونالڈو نے کہا کہ وہ اپنے تمام مداحوں اور خاص طور پر پرتگالی عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ قومی ٹیم کے ساتھ ان کے الوداعی میچز ضرور ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر وہ جسمانی طور پر فٹ ہیں، اپنی ٹیم کے لیے کھیل رہے ہیں اور گول بھی کررہے ہیں تو وہ انٹرنیشنل فٹبال جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی جانب سے 234 میچز میں 146 گول کرچکے ہیں، جو دونوں عالمی ریکارڈ ہیں۔
رونالڈو نے پرتگال کو 2016 کی یورپی چیمپئن شپ اور دو مرتبہ نیشنز لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




