لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹبال کو خیرباد کہہ دیا

ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 21 سالہ شاندار انٹرنیشنل کریئر کے بعد قومی ٹیم کو خیرباد کہہ دیا۔

بیونس آئرس میں بینن کے خلاف کھیلے گئے دوستانہ میچ میں لیونل میسی نے ارجنٹینا کی جانب سے اپنا 208واں اور آخری میچ کھیلا۔

میسی نے آخری میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گول اسکور کیا اور 2 گولز میں معاونت کی، جس کی بدولت ارجنٹینا نے بینن کو 0-3 سے شکست دے دی۔

85 ہزار سے زائد تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے لیونل میسی کو جذباتی انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

لیونل میسی ارجنٹینا کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے قومی ٹیم کی جانب سے 208 میچز میں 126 گول کیے۔

میسی نے 6 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کی اور ورلڈ کپ میں 21 گول اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021 اور 2024 میں کوپا امریکا جبکہ 2022 میں فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے باوجود لیونل میسی کلب فٹبال کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور انٹر میامی کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

میسی 8 مرتبہ بیلن ڈی اور کا اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے واحد فٹبالر بھی ہیں۔

میچ کے اختتام پر جذباتی خطاب کرتے ہوئے لیونل میسی نے کہا کہ ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ان کی زندگی میں ہونے والی سب سے خوبصورت چیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کی شرٹ اور شائقین کو بہت یاد کریں گے اور اب ٹیم کے ساتھ بطور حامی کھڑے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں