رگبی ورلڈ کپ 2027: ایک سال قبل ہی 13 لاکھ ٹکٹ فروخت

آسٹریلیا میں ہونے والے مینز رگبی ورلڈ کپ 2027 کے آغاز میں ایک سال باقی رہ گیا، جبکہ ایونٹ کے نصف سے زائد ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں۔

ورلڈ رگبی کے مطابق رگبی ورلڈ کپ 2027 کے لیے اب تک 13 لاکھ ٹکٹ 164 ممالک کے شائقین نے حاصل کرلیے ہیں، جو ٹورنامنٹ میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔

رگبی ورلڈ کپ 2027 کے باقی دستیاب ٹکٹ یکم اکتوبر کو آسٹریلوی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت بالغ افراد کے لیے 40 آسٹریلوی ڈالر جبکہ بچوں کے لیے 20 آسٹریلوی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

رگبی ورلڈ کے مطابق اگلے سال ہونے والے ٹورنامنٹ میں تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار بین الاقوامی شائقین کی آسٹریلیا آمد متوقع ہے، جو ملک کے مختلف میزبان شہروں میں کھیلوں اور سیاحت کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گی۔

رگبی ورلڈ کپ 2027 میں پہلی مرتبہ 24 ٹیمیں 52 میچز کھیلیں گی جبکہ ٹورنامنٹ میں راؤنڈ آف 16 کا مرحلہ بھی متعارف کرایا جائے گا۔

ایونٹ یکم اکتوبر سے 13 نومبر 2027 تک آسٹریلیا کے 7 میزبان شہروں میں جاری رہے گا۔

ورلڈ رگبی کے چیئرمین بریٹ رابنسن نے کہا کہ آسٹریلیا آئندہ سال دنیا بھر سے آنے والے شائقین کا استقبال کرے گا اور یہ ٹورنامنٹ رگبی کے عالمی کھیل کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

رگبی ورلڈ کپ 2027 آسٹریلیا میں 20 سال سے زائد عرصے بعد منعقد ہونے والا میگا رگبی ایونٹ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں