خیبرپختونخوا کے عوام کو اعتماد میں لیے بغیر امن کا قیام ناممکن ہے: وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو اعتماد میں لیے بغیر امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔

الامین ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جو بھی اسلحہ اٹھاتا ہے وہ دہشت گرد ہے، اس جنگ میں صرف عوام ہی نہیں بلکہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے قیامِ امن کیلئے پولیس کو 35 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے ہیں اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امن عزیز ہے اور احساس ہے کہ ہمارے بچے، خواتین اور جوان شہید ہو رہے ہیں، دہشت گردی کی لہر میں جو شخص شہید ہوگا اسے شہید پیکج دیا جائے گا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حالات خراب ہیں جو حکومت کے بس کی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں کو نہیں مانتے، تین مسخرے ملک میں نفرتیں بڑھا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ ادائیگی کے باوجود صوبے کو بکتر بند گاڑیاں فراہم نہیں کی جارہیں، وفاق سے کہا ہے کہ اپنی گاڑیاں ہمیں دے دیں، جنازے ہم اٹھا رہے ہیں اور ہمارا صوبہ زخمی ہے۔

سہیل آفریدی نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کو جلد بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں