چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے انگلینڈ میں شاندار کارکردگی پر نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔
ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ملاقات کے لیے مدعو کیا، ان سے انفرادی طور پر ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انڈر 19 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا مقصد نوجوان کرکٹرز کو مزید بہتر کارکردگی کی ترغیب دینا ہے، جبکہ اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ 2 برس کے دوران منعقد کیے جانے والے انڈر 19 ترقیاتی کیمپوں سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا اور ان کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات اور پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
عالیان سلمان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے کھلاڑیوں کا اعتماد اور حوصلہ بڑھے گا جبکہ کرکٹرز اپنی کرکٹ پر مزید توجہ دے سکیں گے۔
جہانگیر بلال کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس کے ذریعے نوجوان کھلاڑی اپنے اہلِ خانہ کی مالی معاونت بھی کر سکیں گے۔
رضوان اللہ نے چیئرمین پی سی بی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




