فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کا شیڈول جاری کردیا گیا، پاکستان کو گروپ اے ڈی میں قبرص، گیمبیا، اردن، نائجیریا اور جنوبی سوڈان کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔
فیفا کے مطابق آذربائیجان میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان انڈر 15 ٹیم ابتدائی مرحلے میں تین روز کے دوران مجموعی طور پر 5 میچز کھیلے گی۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو گیمبیا کے خلاف کھیلے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان 25 اکتوبر کو جنوبی سوڈان اور قبرص کے خلاف 2 میچز کھیلے گا، جبکہ 26 اکتوبر کو قومی ٹیم اردن اور نائجیریا کے مدمقابل ہوگی۔
ایونٹ کے فارمیٹ کے مطابق ابتدائی گروپ مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر ٹیموں کو دوسرے مرحلے کے لیے مختلف ٹائرز میں تقسیم کیا جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں ٹیموں کو کارکردگی کی بنیاد پر 6 ٹائرز میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر ٹیم مزید 4 سے 5 میچز کھیلے گی۔
فیفا کے مطابق تمام ٹیمیں ایونٹ کے آخری میچ ڈے تک مقابلوں میں شریک رہیں گی، جبکہ ہر ٹائر کی فاتح ٹیم کو اس ٹائر کا چیمپئن قرار دیا جائے گا۔
ٹائر اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کی چیمپئن بنے گی۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




