این سی سی آئی اے نے محمد رضوان سے کیا پوچھا؟ 5 صفحات پر مشتمل سوالنامہ سامنے آگیا

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے قومی کرکٹر محمد رضوان کو جاری کیا گیا 5 صفحات پر مشتمل سوالنامہ سامنے آگیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے وکیل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے سوالنامہ ہائیکورٹ میں پیش کیا۔

سوالنامے میں محمد رضوان سے گزشتہ 10 سال کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، جبکہ گزشتہ 5 سال کے دوران آمدن اور اخراجات سے متعلق بھی مختلف معلومات مانگی گئی ہیں۔

این سی سی آئی اے نے رضوان سے تنخواہ کے ذرائع، کرائے کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن اور بینک میں موجود رقم پر ملنے والے منافع کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

سوالنامے کے مطابق کرکٹر سے گزشتہ 5 سال کے دوران کیے گئے گھریلو اور تعلیمی اخراجات کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں، جبکہ وراثتی جائیداد سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

محمد رضوان سے گزشتہ 5 سال کے دوران جائیداد کی خرید و فروخت کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ سوالنامے میں کرکٹر سے گزشتہ 5 سال کے دوران کیے گئے بین الاقوامی اور اندرون ملک سفروں، ان پر آنے والے اخراجات اور سفر کی تفصیلات فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

این سی سی آئی اے نے رضوان سے یہ بھی پوچھا ہے کہ آیا انہوں نے گزشتہ 5 سال کے دوران کسی شخص یا ادارے سے قرض لیا، اگر لیا ہے تو اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

این سی سی آئی اے کا محمد رضوان کو نوٹس بھی سامنے آگیا

دوسری جانب محمد رضوان کو این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹس بھی سامنے آگیا ہے۔

نوٹس کے مطابق این سی سی آئی اے پاکستان کرکٹ میں آن لائن جوئے سے متعلق مبینہ معاملات کی انکوائری کر رہی ہے اور اس سلسلے میں محمد رضوان کا بیان ریکارڈ کرنا مطلوب ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ محمد رضوان اگر مقررہ کارروائی کے لیے پیش نہ ہوئے تو اسے ان کے دفاع میں مؤقف پیش نہ کرنے کے طور پر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سوالنامے اور نوٹس میں طلب کی گئی معلومات انکوائری کا حصہ ہیں اور ان سے متعلق حتمی قانونی نتیجہ متعلقہ کارروائی کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں