ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی شرکت کا کوئی مسئلہ نہیں: بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگوت مان نے کہا ہے کہ بھارت میں شیڈول ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھگوت مان نے کہا کہ پاکستان بھارت میں شیڈول ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شریک 6 ٹیموں میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے مطابق ایشین چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک جالندھر اور موہالی میں کھیلی جائے گی۔

بھگوت مان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق ملٹی نیشنز ٹورنامنٹ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب ہاکی انڈیا کے سیکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ان کے بہترین تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مقابلے کے دوران بھی میچ کے بعد وہ سب سے پہلے پاکستانی ٹیم سے ملاقات کرتے ہیں۔

بھولا ناتھ سنگھ کے مطابق اگر کسی ٹیم کی جانب سے ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کیا جاتا ہے تو عمان اور بنگلادیش کو ریزرو ٹیموں کے طور پر رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کی شرکت کھیلوں کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کے تناظر میں بھی خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں