ایف سی پورٹو کا سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی سے معاہدہ، پاکستان میں پہلی ڈریگن فورس اکیڈمی قائم ہوگی

پرتگال کے معروف فٹبال کلب ایف سی پورٹو نے سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کرلیے، جس کے تحت پاکستان میں پہلی ڈریگن فورس اکیڈمی قائم کی جائے گی۔

سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی، فیفا ورلڈ کپ کے لیے آفیشل فٹبالز تیار کرنے والی پاکستانی کمپنی فارورڈ اسپورٹس کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔

پرتگال میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شراکت داری کے تحت ایف سی پورٹو پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے جامع اور جدید تربیتی پروگرام فراہم کرے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کے تحت مقامی کوچز اور مینیجرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا، جبکہ باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو فٹبال میں آگے بڑھنے کے لیے بین الاقوامی معیار کی تربیت کا موقع ملے گا۔

ایف سی پورٹو ڈریگن فورس اکیڈمیز کے ڈائریکٹر ریکارڈو فرے راموس نے کہا کہ شراکت داری کے ذریعے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کلب کے فٹبال ڈیولپمنٹ کے طریقہ کار، اقدار اور تجربات شیئر کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔

سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے صدر اور فارورڈ اسپورٹس کے جنرل مینیجر حسن مسعود خواجہ نے معاہدے کو شاندار پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پاکستان میں نوجوان فٹبال ٹیلنٹ کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں قائم ہونے والی ڈریگن فورس اکیڈمی، ایف سی پورٹو کی 11ویں بین الاقوامی اکیڈمی ہوگی۔

ایف سی پورٹو اس سے قبل میکسیکو، برازیل، کولمبیا، ترکیہ، موزمبیق، بھارت، کیپ ورڈے اور قبرص سمیت مختلف ممالک میں ڈریگن فورس اکیڈمیز قائم کرچکا ہے۔

کلب کا ہدف ہے کہ 2030 تک اپنی عالمی اکیڈمیوں کے ذریعے تقریباً 40 ہزار نوجوان کھلاڑیوں تک رسائی حاصل کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں