72 سالہ ملائیشین فٹبال لیجنڈ کی 20 سالہ لڑکی سے شادی

ملائیشیا کے سابق فٹبال لیجنڈ داتوک عبدہ الف نے 72 سال کی عمر میں اپنی عمر سے تقریباً 50 سال چھوٹی لڑکی سے شادی کرلی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق داتوک عبدہ الف نے 27 اگست کو شادی کی، جس کی تصدیق ان کے بھائی اور سابق قومی فٹبالر و کوچ داتوک یونس الف نے کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق داتوک عبدہ الف کی اہلیہ کی عمر 20 سال ہے۔ دونوں کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ جوڑا توجہ کا مرکز بن گیا۔

داتوک یونس الف نے بتایا کہ شادی دونوں خاندانوں کی رضامندی سے ہوئی اور ممکن ہے کہ ان کا بھائی اس وقت اہلیہ کے ہمراہ ہنی مون پر ہو۔

واضح رہے کہ داتوک عبدہ الف نے 1970 کی دہائی کے آخر اور 1980 کی دہائی کے اوائل میں ملائیشیا کی قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ وہ اس ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر 1980 کے ماسکو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

تاہم سوویت یونین کی جانب سے افغانستان پر حملے کے خلاف احتجاجاً ملائیشیا نے ماسکو اولمپکس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں