کراچی: میر رضا کیس میں ایپل واچ اور آئی فون سے اہم شواہد ملنے کی امید ختم ہوگئی، پنجاب فارنزک لیبارٹری بھی آئی فون کھولنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق پنجاب فارنزک لیبارٹری نے میر رضا کیس کے لیے قائم تحقیقاتی ٹیم کو اس حوالے سے باقاعدہ تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کی ایپل واچ اور آئی فون تحقیقاتی ٹیم کو واپس بھیجے جائیں گے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ایپل واچ سے چند اسکرین شاٹس اور پیغامات ملے ہیں، تاہم یہ مواد تفتیش کے لیے اہم نہیں سمجھا جارہا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل دونوں گیجٹس 13 اگست کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو بھجوائے گئے تھے، تاہم 15 اگست کو میر رضا کے اہلخانہ کی جانب سے این سی سی آئی اے پر تحفظات کے اظہار کے بعد تحقیقاتی ٹیم نے ایپل واچ اور آئی فون واپس منگوا لیے تھے۔
بعد ازاں تحقیقاتی ٹیم نے دونوں گیجٹس پنجاب فارنزک لیبارٹری بھجوائے، جہاں آئی فون کھولنے کی کوشش کی گئی، تاہم لیبارٹری کی جانب سے اب تحریری جواب کے ذریعے تحقیقاتی ٹیم کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ فون سے ڈیٹا حاصل نہیں کیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق ایپل واچ اور آئی فون کو مزید کارروائی کے لیے تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کیا جائے گا۔




