پاکستان اور مصر نے امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد دوبارہ شروع کرنے اور خطے میں کشیدگی پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے علاقائی سلامتی کے معاملات پر باہمی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
مصر کے وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو جلد مصر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
اسحاق ڈار کی سعودی وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفونک گفتگو
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔
ملاقات میں مکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ نے استنبول اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور علاقائی صورتحال پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




