یو ایس اوپن 2026: سبالینکا میچ کے دوران چرس کی بو سے پریشان

یو ایس اوپن 2026 کے تیسرے راؤنڈ کے میچ کے دوران بیلاروس کی ٹینس اسٹار ارینا سبالینکا چرس کی تیز بو سے پریشان ہوگئیں۔

سبالینکا اور ان کی حریف کے درمیان میچ جاری تھا کہ ٹینس اسٹار نے اچانک امپائر سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کینابس پی رہا ہے اور بو بہت تیز ہے۔

سبالینکا کی شکایت پر میچ کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا، جبکہ میچ آفیشل نے صورتحال کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں امپائر کے آفیشل کو آگاہ کرنے کے بعد مقابلہ دوبارہ شروع کردیا گیا۔

میچ دوبارہ شروع ہونے کے بعد ارینا سبالینکا نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سبالینکا نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ بو کہاں سے آرہی تھی، تاہم شائقین کو اس معاملے میں خیال رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہوں تو ایسی بو برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے۔ سبالینکا کے مطابق انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ بو تماشائیوں کی جانب سے آرہی تھی یا باہر سے، کیونکہ اس وقت ہوا چل رہی تھی۔

واضح رہے کہ فلشنگ میڈوز کے ٹینس کورٹس میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں۔ تاہم ماضی میں ہوا کے ساتھ کینابس کی بو کورٹس تک پہنچنے کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اس سے قبل ٹینس اسٹارز نواک جوکووچ اور الیگزینڈر زویرف بھی میچ کے دوران کینابس کی بو کی شکایت کرچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں