دورہ انگلینڈ سے ریلیز کیے جانے والے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے محمد رضوان اور امام الحق کو انگلینڈ سے واپس بھیجنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں، جبکہ امام الحق کی مبینہ انجری کے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کی انجری سے متعلق ماضی کے معاملے کو بھی موجودہ تحقیقات کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ اگر تحقیقات میں دانستہ طور پر جعلی انجری ثابت ہوئی تو امام الحق کو ایک سے دو سال تک پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
دوسری جانب محمد رضوان کے حوالے سے بھی پی سی بی کو ڈسپلن سے متعلق شدید تحفظات ہیں۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کی جانب سے آئندہ چند روز میں محمد رضوان سے باز پرس کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں محمد رضوان کے قومی ٹیم کے کسی اسکواڈ میں شامل ہونے کے امکانات کم ہیں، تاہم ان کے خلاف حتمی کارروائی کا فیصلہ تحقیقات اور وضاحت سامنے آنے کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مسلسل دو شکستوں کے بعد پی سی بی نے قومی اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے محمد رضوان، امام الحق سمیت متعدد کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا تھا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




