پانی کو سیاسی دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، اسے سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی اداروں کو اپنے اعلانات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہوگا۔

انہوں نے غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جاری انسانی المیہ ناقابلِ تصور مصائب کا باعث بن رہا ہے۔ عالمی برادری کو فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام کے 25 سال مکمل ہونا ایک اہم سنگِ میل ہے، جبکہ پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی منظرنامہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی سے دوچار ہے، ایسے میں ایس سی او مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی عزم کی علامت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا اور اس کی سفارتی کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچیں۔

وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے اور کثیرالجہتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کا حامی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں