کراچی میں فرانس کا قونصل خانہ مستقل طور پر بند کردیا گیا

کراچی میں فرانس کا قونصل خانہ مستقل طور پر بند کردیا گیا، فرانسیسی قونصل خانے نے ’الوداع کراچی‘ کا پیغام جاری کردیا۔

فرانسیسی قونصل خانے کی جانب سے کراچی میں قونصلر سرگرمیاں مستقل طور پر ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے۔

قونصل خانے کی بندش کے بعد عمارت سے فرانس اور یورپی یونین کے پرچم بھی اتار دیے گئے ہیں۔

فرانسیسی قونصل خانے نے کراچی کے شہریوں، دوستوں اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ’الوداع کراچی‘ کا پیغام بھی جاری کیا۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ کراچی میں تعینات فرانس کے قونصل جنرل الیگژز نے فرانس کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ فرانسیسی حکومت نے بجٹ سے متعلق وجوہات کی بنیاد پر کراچی میں قونصل جنرل کا دفتر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فرانسیسی قونصل خانے کی مستقل بندش کے بعد پاکستان میں فرانس کی قونصلر خدمات اور متعلقہ امور کے لیے دیگر انتظامات کے تحت کام جاری رہنے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں