اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے کارکردگی کے معیار مزید وسیع کرتے ہوئے نئے ضوابط متعارف کرا دیے ہیں۔
نئے ضوابط کے تحت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ صرف بجلی کی فراہمی تک محدود نہیں رہے گا بلکہ صارفین کو خدمات، سرمایہ کاری، نظام کی حفاظت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت مختلف شعبوں کو بھی جانچا جائے گا۔
نیپرا کے نئے پرفارمنس اسٹینڈرڈز (ڈسٹری بیوشن) ریگولیشنز 2026 نے تقریباً دو دہائیوں سے نافذ پرفارمنس اسٹینڈرڈز (ڈسٹری بیوشن) رولز 2005 کے تحت قائم بنیادی فریم ورک کی جگہ لے لی ہے۔
نئے نظام کے تحت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی کی فراہمی کے قابلِ اعتماد نظام کو یقینی بنانے کے ساتھ صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی اور اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کا پابند بنایا جائے گا۔
نئے ضوابط میں تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے مختلف شعبوں کے معیار میں نمایاں توسیع کی گئی ہے، جس سے کمپنیوں کی ذمہ داری اور جواب دہی کا دائرہ وسیع ہوگا۔
نیپرا کے نئے فریم ورک کے تحت سرمایہ کاری، صارفین کی سہولت، بجلی کے نظام کی حفاظت اور جدید ٹیکنالوجیز کے مؤثر استعمال کو بھی کارکردگی کے جائزے کا حصہ بنایا گیا ہے۔
نئے قوانین کا مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام میں شفافیت، کارکردگی اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کو فروغ دینا ہے، جبکہ تقسیم کار کمپنیوں کو مقررہ معیار پر پورا اترنے کے لیے مزید جواب دہ بنایا جائے گا۔




