سڈنی میراتھون میں 24 پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز شریک ہوں گے

دنیا کی بڑی میراتھون ریسز میں شامل سڈنی میراتھون کل آسٹریلیا میں منعقد ہوگی، جس میں دنیا بھر سے 40 ہزار سے زائد رنرز شرکت کریں گے۔

سڈنی میراتھون میں 24 پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز بھی ایکشن میں ہوں گے، جن میں 19 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔ پاکستانی رنرز میں کراچی، اسلام آباد اور آسٹریلیا سمیت امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب میں مقیم افراد شامل ہیں، جبکہ پاکستان سے 12 رنرز اس میراتھون میں شرکت کے لیے سڈنی پہنچ چکے ہیں۔

کراچی سے خالد شیخ، ڈاکٹر جہانزیب مغل، نوشیروان علی، شعیب نظامی، علی قاضی، دانش الٰہی، حسنین دھرمسے اور یوسف ملک میراتھون میں حصہ لیں گے۔

خواتین رنرز میں کوکب سرور، ڈاکٹر رابعہ نعیم، مہوش بلال، حرا دیوان اور سیدہ میمونہ ہمدانی شامل ہیں۔

دیگر پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز میں علی زیدی، عامر بٹ، قمر ضیا، جنید میمن، زین عالم، نوید حسن، عمر رشید، تابش مختار، میر شہزاد اور ڈاکٹر عدنان افضل شامل ہیں۔

جیو نیوز کے ڈپٹی اسپورٹس ایڈیٹر فیضان لاکھانی بھی سڈنی میراتھون کی اسٹارٹ لسٹ میں شامل ہیں اور وہ اس عالمی ریس میں حصہ لیں گے۔

شلوار قمیض میں پاکستان کی نمائندگی

کراچی سے تعلق رکھنے والے رنر دانش الٰہی سڈنی میراتھون میں منفرد انداز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ میراتھون کے دوران شلوار قمیض پہن کر دوڑیں گے تاکہ پاکستان کا ایک نرم اور مثبت تاثر اجاگر کیا جاسکے اور دنیا کو پاکستانی ثقافت سے بھی روشناس کرایا جا سکے۔

دانش الٰہی کے مطابق سڈنی میراتھون ان کی ساتویں میراتھون ہے اور وہ اس ریس میں شرکت کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سڈنی دوڑنے کے لیے بہترین شہروں میں سے ایک ہے۔

سڈنی کے معروف مقامات سے گزرے گی ریس

42.195 کلومیٹر طویل میراتھون نارتھ سڈنی سے شروع ہوگی اور رنرز سڈنی ہاربر برج، دی راکس، بارنگارو اور ڈارلنگ ہاربر سمیت شہر کے اہم مقامات سے گزرتے ہوئے سڈنی اوپیرا ہاؤس کے قریب فنش لائن عبور کریں گے۔

سڈنی میراتھون نے 2025 میں ایبٹ ورلڈ میراتھون میجرز میں شمولیت اختیار کی تھی، جبکہ 2026 میں کیپ ٹاؤن میراتھون کے شامل ہونے کے بعد ورلڈ میراتھون میجرز کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔

پاکستان میں تعلیم کے لیے فنڈ ریزنگ

سابق برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مائیک نتھاوریاناکس بھی سڈنی میراتھون میں شرکت کریں گے۔ اگرچہ وہ پاکستانی دستے کا باضابطہ حصہ نہیں ہیں، تاہم ان کی ریس کا مقصد پاکستان سے جڑا ہوا ہے۔

مائیک نتھاوریاناکس میراتھون کے ذریعے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی تنظیم دی سٹیزنز فاؤنڈیشن (TCF) کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں۔

انہوں نے 2026 میں 6 میراتھونز کے ذریعے ایک ملین امریکی ڈالر جمع کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ سڈنی میراتھون ان کی اس مہم کی تیسری ریس ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں