چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر اور ڈی جی فوڈ سے متعلق ایک شوگر مل کو مبینہ طور پر زبردستی لینے کی کوشش کی گئی، جس پر مل کے مالک جنید کیانی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خط لکھ کر تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
خالد حسین باٹھ کے مطابق مذکورہ شوگر مل کے مالک جنید کیانی نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی شوگر مل کو مبینہ طور پر بعض بااثر افراد سے خطرہ ہے اور انہیں اس معاملے میں تحفظ فراہم کیا جائے۔
خالد باٹھ نے مزید دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے جنید صفدر اور ڈی جی فوڈ نے گزشتہ روز ایک میٹنگ کی، جس کے بعد مذکورہ شوگر مل کو لینے کی مبینہ کوشش کی گئی۔
چیئرمین کسان اتحاد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت میں شامل بااثر سیاسی خاندانوں کی بڑی تعداد شوگر ملز کی مالک ہے اور حکومت کے دونوں ایوانوں سے وابستہ افراد کی 80 سے 90 فیصد شوگر ملز ہیں۔ تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب ایس ایم یو ریفارمز کے سربراہ امجد حفیظ نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ شوگر مل نے گزشتہ تین سے چار سال سے سینکڑوں کسانوں کی گنے کی کروڑوں روپے کی ادائیگیاں روک رکھی ہیں۔
امجد حفیظ کے مطابق کسانوں کو ان کی رقوم کی ادائیگی کے لیے مسلسل کوششیں کی گئیں، تاہم مل انتظامیہ کی جانب سے واجبات ادا نہیں کیے گئے، جس کے باعث گزشتہ سال سے قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ان کا حق دلانے کے لیے تمام قانونی راستے استعمال کیے جائیں گے اور واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ جنید صفدر، ڈی جی فوڈ یا شوگر مل کے مالک جنید کیانی کی جانب سے اس خبر میں عائد کیے گئے الزامات پر مؤقف شامل نہیں کیا جا سکا۔ الزامات کی آزادانہ تصدیق بھی تاحال نہیں ہوسکی۔




