فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد اسپین اور ارجنٹائن کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں پر ارجنٹائن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشل پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر 10 میچز کی پابندی اور 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے، جبکہ ناہوئل مولینا کو 7 میچز کے لیے معطل کرتے ہوئے ان پر بھی 90 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے۔
فیفا کے مطابق 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان جھڑپ کے واقعات کی تحقیقات کے بعد یہ فیصلے کیے گئے۔
تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا پر ایک، ایک میچ کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے، جبکہ ارجنٹائن کے ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو 3 میچز کے لیے معطل کرکے 30 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے۔
فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (اے ایف اے) پر مختلف خلاف ورزیوں کے تحت مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
فیفا کے مطابق اے ایف اے کو کھیلوں کے ایونٹ کو کھیلوں کے منافی مظاہرے کے لیے استعمال کرنے، ٹیم کے بدسلوکی پر مبنی رویے، شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں اور اشاروں سمیت سکیورٹی سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔
ارجنٹائن کو آئندہ دو ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلنے کا حکم دیا گیا ہے، تاہم ان میں سے ایک میچ کی پابندی معطل کردی گئی ہے۔
فیفا نے جرمانے کی ایک لاکھ ڈالر کی رقم امتیازی سلوک کے خلاف اقدامات کے لیے مختص کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، جبکہ مزید ایک لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا معطل رکھی گئی ہے۔
یہ کارروائی ورلڈ کپ فائنل کے بعد پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے لیے مقرر کیے گئے ڈسپلنری اینڈ ایتھکس پراسیکیوٹر کی رپورٹ جمع ہونے کے بعد کی گئی۔
فیفا کے مطابق کھلاڑیوں اور آفیشلز پر عائد میچز کی پابندیاں ان کی متعلقہ قومی ٹیموں کے اگلے میچز میں لاگو ہوں گی۔ فریقین کو فیصلوں کی وجوہات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ طلب کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے، جبکہ فیفا کے ضابطوں کے تحت فیصلوں کے خلاف اپیل بھی کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹائن کو 1-0 سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




