عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان، تیاریاں شروع

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے متعلقہ حکام نے ابتدائی تیاریاں شروع کردی ہیں، تاہم منتقلی کے حوالے سے حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس کے بعد عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیے جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اجلاس میں ان کی اسپتال منتقلی سے متعلق انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر متعلقہ حکام کے درمیان مشاورت جاری ہے، جبکہ پمز اسپتال میں میڈیکل بورڈ کی تشکیل اور سیکیورٹی انتظامات سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پمز اسپتال میں عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ان کی منتقلی کے لیے سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کو اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی نظرثانی درخواست رجسٹرار آفس نے اعتراضات کے ساتھ واپس کردی ہے، جس کے بعد حکومت کی جانب سے درخواست دوبارہ دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق تاحال یہ حتمی طور پر طے نہیں کیا گیا کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے گا یا پمز، تاہم پمز میں انتظامات شروع کیے جانے سے اس آپشن پر غور مزید سنجیدہ ہوگیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں