یمن کے قریب مال بردار بحری جہاز پر حوثیوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے 2 پاکستانی ملاحوں کی میتیں کراچی پہنچا دی گئیں، جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے پاکستانی ملاح بھی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق سعودی ایئر کی پرواز کے ذریعے عمیر افضل اور محمد اکرم کی میتیں کراچی ایئرپورٹ پہنچائی گئیں۔ عمیر افضل کا تعلق لانڈھی جبکہ محمد اکرم کا تعلق کراچی کے منزل پمپ کے علاقے سے تھا۔
ذرائع کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے عابد علی، محمد رضوان اور محمد وحید سمیت دیگر پاکستانیوں کو بھی پاکستان واپس لایا گیا ہے، جبکہ بعض زخمیوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کیا گیا۔
سعودی سفارتخانے اور حکومت پاکستان کے متعلقہ حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر میتوں اور زخمیوں کو وصول کیا۔ پاکستانی حکام کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے اور جدہ میں قونصل جنرل نے میتوں کی وطن واپسی کے انتظامات میں معاونت کی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حوثی حملے میں جاں بحق ہونے والے 2 پاکستانی ملاحوں کی میتیں وطن پہنچا دی گئی ہیں، جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے 6 پاکستانی ملاح بھی بحفاظت پاکستان واپس آگئے ہیں۔ انہوں نے بحری جہاز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سمندری کارکنوں کی سلامتی ہر حال میں یقینی بنائی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ حوثیوں نے 11 اگست کو یمن کے علاقے تہامہ کے قریب مال بردار بحری جہاز کو نشانہ بنایا تھا۔ حملے میں جہاز کے کپتان عمیر افضل اور عملے کے رکن محمد اکرم سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ جہاز پر لدا سامان بھی جل گیا تھا۔




