روسی مکسڈ مارشل آرٹسٹ اسلام مخاشیف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کے فائٹر جیک ڈیلن مچاڈو گیری کو شکست دے کر یو ایف سی ویلٹر ویٹ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔
امریکی شہر فلاڈلفیا میں ہونے والے سنسنی خیز مقابلے میں اسلام مخاشیف نے پانچ راؤنڈز پر مشتمل فائٹ میں ججز کے متفقہ فیصلے سے کامیابی حاصل کی۔
آئرش چیلنجر مچاڈو گیری نے کئی مواقع پر دفاعی چیمپئن کے لیے مشکلات پیدا کیں، تاہم مخاشیف کی مضبوط ریسلنگ اور مسلسل گرَیپلنگ نے انہیں مقابلے پر برتری برقرار رکھنے میں مدد دی۔
اس کامیابی کے ساتھ اسلام مخاشیف نے یو ایف سی میں مسلسل 17 فتوحات حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ اس سے قبل یو ایف سی میں مسلسل 16 فتوحات کا ریکارڈ برازیل کے لیجنڈ فائٹر اینڈرسن سلوا کے پاس تھا، جسے مخاشیف نے اپنی سابقہ فتح کے بعد برابر کیا تھا۔
مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں قد اور بازوؤں کی لمبائی میں واضح فرق کے باوجود مخاشیف نے تیزی سے سنگل لیگ ٹیک ڈاؤن کرتے ہوئے گیری کو زمین پر گرا دیا، تاہم گیری نے خود کو سنبھالتے ہوئے دوبارہ کھڑے ہونے میں کامیابی حاصل کی۔
دوسرے راؤنڈ میں مخاشیف کی زوردار ہائی کک نے گیری کو لمحاتی طور پر لڑکھڑا دیا، جبکہ تیسرے راؤنڈ میں آئرش فائٹر نے بہتر حکمت عملی اپناتے ہوئے فاصلہ برقرار رکھا اور جسم و اگلی ٹانگ پر مؤثر ککس لگائیں۔
چوتھے راؤنڈ میں مخاشیف نے ایک بار پھر اپنی دباؤ والی گرَیپلنگ کا بھرپور استعمال کیا اور مقابلے کا کنٹرول سنبھال لیا۔ آخری راؤنڈ میں گیری نے کامیابی کے لیے بھرپور حملے کیے، تاہم مخاشیف نے خود کو محفوظ رکھتے ہوئے فائٹ کو پانچ راؤنڈز تک پہنچایا اور ججز کے متفقہ فیصلے سے کامیابی اپنے نام کرلی۔
تاریخی فتح کے بعد اسلام مخاشیف نے اپنے حریف کو بہترین فائٹر اور اچھا انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ گیری کی عزت کرتے ہیں، کیونکہ انہوں نے مقابلہ انتہائی مشکل بنایا۔
مخاشیف نے کہا کہ وہ ہر فائٹ میں خود کو ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور کامیابی کے بعد اپنے تمام مداحوں اور سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا۔




