ملک بھر میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں آج بھی فی تولہ سونے کے نرخ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مسلسل تین روز سے جاری تیزی کے باعث قیمتی دھات کی قیمت نئی بلند سطح پر پہنچ گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مقامی صرافہ بازار میں ایک تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 54 ہزار 336 روپے ہو گئی۔
ادھر عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 51 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد 4 ہزار 319 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات مقامی صرافہ بازار پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ گزشتہ تین روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طور پر 26 ہزار 400 روپے بڑھ چکی ہے، جس سے خریداروں اور سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر سونے کی مارکیٹ کی جانب مبذول ہو گئی ہے۔




