نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 75 پیسے مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق بجلی کے نرخوں میں یہ اضافہ جون 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا، جبکہ اضافی وصولی رواں ماہ اگست کے بجلی کے بلوں میں کی جائے گی۔
نیپرا کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی ایک روپے 20 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم اتھارٹی نے اس سے کم یعنی 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بھی ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی۔





