بابر اعظم نے عمران خان اور وسیم اکرم کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا

پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق کپتان عمران خان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی، جبکہ بابر اعظم کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

بابر اعظم نے سیریز کی چار اننگز میں 193 رنز 96.50 کی اوسط سے اسکور کیے اور سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 اور دوسری اننگز میں نصف سنچری اسکور کی، جبکہ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 88 رنز کی اہم اننگز کھیل کر پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

سیریز کی آخری اننگز میں بابر اعظم نے صرف 30 گیندوں پر ناقابل شکست 24 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، اور پاکستان نے 75 رنز کا ہدف آسانی سے حاصل کر لیا۔

ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنے والے بابر اعظم کے لیے یہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلا جبکہ مجموعی بین الاقوامی کیریئر کا 10واں پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ ہے۔

اس سے قبل بابر اعظم 5 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 4 مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔

اس کامیابی کے ساتھ بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کے عمران خان اور وسیم اکرم کے ریکارڈ کی برابری کر لی، جبکہ سابق کپتان وقار یونس 9 ایوارڈز کے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں