ناروے میں پاکستانی جونیئر فٹبالر لاپتا، پولیس نے تلاش شروع کردی

ناروے کپ میں شرکت کے لیے جانے والے بیٹر فیوچر پاکستان کے وفد کا 15 سالہ پاکستانی فٹبالر لاپتا ہوگیا، جس کے بعد مقامی پولیس نے تلاش کا عمل شروع کردیا۔

بیٹر فیوچر پاکستان کی انتظامیہ کے مطابق کم عمر کھلاڑی نے کیمپ چھوڑنے سے قبل انتظامیہ سے کوئی اجازت نہیں لی، جبکہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے کیمپ سے گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تاحال اغوا یا زبردستی لے جانے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

بیان کے مطابق کھلاڑی کے آخری بار دیکھے جانے کے تقریباً 20 منٹ بعد ہی ناروے کی پولیس کو اطلاع دے دی گئی تھی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر تلاش اور قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔

انتظامیہ نے بتایا کہ ناروے کپ میں شریک باقی تمام پاکستانی کھلاڑی بحفاظت وطن واپس پہنچ چکے ہیں، تاہم لاپتا کھلاڑی کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ ناروے کپ 2026 کا انعقاد 25 جولائی سے یکم اگست تک ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ہوا، جس میں مختلف ممالک کی جونیئر فٹبال ٹیموں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں