کامن ویلتھ گیمز: فاطمہ زہرا نے کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے لیے نئی تاریخ رقم کر دی

پاکستانی باکسر فاطمہ زہرا نے کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے لیے نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ کامن ویلتھ گیمز کی باکسنگ میں تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر بن گئی ہیں۔

گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ویمنز 60 کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں فاطمہ زہرا کا مقابلہ کینیڈا کی باکسر سے ہوا، جہاں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مقابلے کے پہلے راؤنڈ کے اختتام پر کینیڈین باکسر کو 4-1 کی برتری حاصل تھی، جبکہ دوسرے راؤنڈ کے دوران ریفری نے مقابلہ روک دیا، جس کے باعث فاطمہ زہرا فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکیں۔ تاہم سیمی فائنل تک پہنچنے کی بدولت انہوں نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔

فاطمہ زہرا کی یہ کامیابی پاکستانی باکسنگ کی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ وہ کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ مقابلوں میں تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان نے 2014 کے بعد پہلی مرتبہ کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں کوئی تمغہ حاصل کیا ہے۔

واضح رہے کہ فاطمہ زہرا نے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کی جارڈن ولسن کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جس کے ساتھ ہی ان کا کانسی کا تمغہ یقینی ہو گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں