کامن ویلتھ گیمز 2026: ارشد ندیم فائنل میں پہنچ گئے، نیرج چوپڑا نے بھی کوالیفائی

پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز 2026 کے مینز جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

گلاسگو کے سکاٹسٹون سٹیڈیم میں جمعرات کو ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے اپنی بہترین کوشش میں 78.63 میٹر کی تھرو کی۔ اگرچہ وہ براہِ راست کوالیفکیشن کے لیے مقررہ 84 میٹر کی حد عبور نہ کر سکے، تاہم مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر ٹاپ 12 ایتھلیٹس میں شامل ہو کر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

کوالیفائنگ راؤنڈ میں سری لنکا کے رومیش پتھیراجے 82.84 میٹر کی تھرو کے ساتھ سرفہرست رہے، جبکہ گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 81.29 میٹر کے ساتھ دوسری اور جنوبی افریقہ کے ڈاؤ سمتھ نے 80.64 میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ارشد ندیم کے روایتی حریف، بھارت کے نیرج چوپڑا نے 79.61 میٹر کی تھرو کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ دونوں عالمی شہرت یافتہ جیولن تھرو ایتھلیٹس ایک بار پھر فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، جہاں طلائی تمغے کے لیے سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

پاکستان کے ایک اور ایتھلیٹ محمد یاسر سلطان بھی کوالیفائنگ راؤنڈ میں ایکشن میں نظر آئے، تاہم وہ 74.36 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ 14ویں نمبر پر رہے اور فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔

کوالیفائنگ مرحلے کے اختتام پر مجموعی طور پر 12 بہترین ایتھلیٹس نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، جبکہ مینز جیولن تھرو کا فیصلہ کن مقابلہ یکم اگست کو گلاسگو کے سکاٹسٹون سٹیڈیم میں ہوگا، جہاں شائقین کی نظریں ایک مرتبہ پھر ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی دلچسپ رقابت پر مرکوز ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں