رگبی ورلڈ کپ 2027: برطانیہ میں تمام میچز خصوصی طور پر ITV پر نشر ہوں گے

ورلڈ رگبی نے برطانوی نشریاتی ادارے ITV کے ساتھ ایک اہم معاہدے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت مینز رگبی ورلڈ کپ 2027 کے تمام میچز برطانیہ میں خصوصی طور پر ITV پر نشر کیے جائیں گے۔

ورلڈ رگبی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آسٹریلیا میں یکم اکتوبر سے 13 نومبر 2027 تک ہونے والے رگبی ورلڈ کپ کے تمام 52 میچز براہِ راست نشر کیے جائیں گے، جبکہ شائقین کو ہائی لائٹس، تجزیے اور خصوصی ڈیجیٹل مواد بھی ITV، ITVX اور ITV Sport YouTube کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔

اس بار رگبی ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا، جس میں پہلی مرتبہ 24 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ نئے فارمیٹ کے تحت راؤنڈ آف 16 بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ مقابلے آسٹریلیا کے سات مختلف میزبان شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

ورلڈ رگبی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کا مقصد کھیل کو مزید عالمی سطح پر فروغ دینا، نئی ٹیموں کو مواقع فراہم کرنا اور دنیا بھر کے شائقین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔

ITV کے ڈائریکٹر آف اسپورٹس نیال سلون نے معاہدے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ رگبی ورلڈ کپ جیسے عظیم ایونٹ کی براڈکاسٹنگ کے حقوق حاصل کرنا ادارے کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کے مطابق ورلڈ رگبی کے ساتھ طویل عرصے سے قائم شراکت داری مزید مضبوط ہوگی اور برطانیہ بھر کے ناظرین کو عالمی معیار کی کوریج فراہم کی جائے گی۔

دوسری جانب ورلڈ رگبی کے چیف ایگزیکٹو ایلن گلپن نے کہا کہ یہ صرف ایک براڈکاسٹنگ معاہدہ نہیں بلکہ اس عزم کا اظہار ہے کہ برطانیہ کے ہر شائق کو رگبی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز لمحات تک مفت رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ 24 ٹیموں کی شمولیت، زیادہ میچز اور نئے ممالک کے لیے مواقع رگبی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔

یاد رہے کہ رگبی ورلڈ کپ 2027 ٹورنامنٹ کی 40ویں سالگرہ بھی ہوگا، جبکہ ITV 1991 سے مسلسل رگبی ورلڈ کپ کی کوریج کرنے والا اہم براڈکاسٹر رہا ہے۔

سٹاف رپورٹر: سلیم رمضان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں