پاکستان کی معروف کوہ پیما اور ٹریل رنر انعم عزیر نے ملک میں منعقد ہونے والی پہلی 100 کلومیٹر گلیات ماؤنٹین ٹریل الٹرا میراتھون جیت کر ایک نئی کامیابی اپنے نام کرلی۔
دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات اور قدرتی چیلنجز سے بھرپور اس سخت مقابلے میں انعم عزیر نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انعم عزیر نے اپنی کامیابی پاکستان کی تمام خواتین، بالخصوص خواتین رنرز کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ مزید خواتین بھی کھیلوں اور ایڈونچر اسپورٹس میں آگے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ 100 کلومیٹر کا یہ مقابلہ ہرگز آسان نہیں تھا، انہیں پہلے سے اندازہ تھا کہ دورانِ ریس مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق پہاڑی علاقوں میں موسم کی شدت، آسمانی بجلی اور وائلڈ لائف جیسے خطرات ہر وقت موجود رہتے ہیں، تاہم انہوں نے پوری تیاری کے ساتھ اس چیلنج کا سامنا کیا۔
انعم عزیر نے بتایا کہ ٹریننگ کے دوران 40 کلومیٹر کے ایک ٹرائل رن میں انہوں نے اپنے راستے سے تقریباً 200 فٹ کے فاصلے پر ایک تیندوے کو دیکھا تھا، لیکن اس تجربے کے بعد ان کا خوف ختم ہوگیا اور انہوں نے اعتماد کے ساتھ اپنی تیاری جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ باقاعدگی سے ٹریننگ کرتی ہیں اور ان کے نزدیک جسمانی فٹنس صرف کھلاڑیوں ہی نہیں بلکہ ہر فرد کے لیے ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹنس کو وقتی شوق کے بجائے طرزِ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
انعم عزیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں مزید مشکل چیلنجز قبول کریں گی اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




