پاکستان قومی فٹبال ٹیم کے دفاعی کھلاڑی عبداللہ اقبال نے یوئیفا چیمپئنز لیگ کوالیفائنگ راؤنڈ میں میدان میں اتر کر پاکستانی فٹبال کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
سویڈش کلب میالبی اے آئی ایف کی نمائندگی کرتے ہوئے عبداللہ اقبال نے لنکن ریڈ امپس کے خلاف کھیلے گئے کوالیفائنگ میچ کے 62ویں منٹ میں بطور متبادل کھلاڑی میدان میں قدم رکھا۔ اس کے ساتھ ہی وہ یوئیفا چیمپئنز لیگ کے کوالیفائنگ مرحلے میں شرکت کرنے والے پاکستان قومی ٹیم کے پہلے فعال (ایکٹو) انٹرنیشنل فٹبالر بن گئے۔
عبداللہ اقبال کی اس کامیابی کو پاکستانی فٹبال کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ عالمی سطح کے سب سے بڑے کلب مقابلے میں ان کی شرکت نوجوان پاکستانی فٹبالرز کے لیے بھی حوصلہ افزا مثال سمجھی جا رہی ہے۔
اگرچہ اس سے قبل پاکستانی نژاد فٹبالرز اعتزاز حسین اور غیاث زاہد بھی یوئیفا چیمپئنز لیگ سے وابستہ رہ چکے ہیں، تاہم اعتزاز حسین نے پاکستان کی نمائندگی کرنے سے قبل کوالیفائنگ مقابلے کھیلے تھے، جبکہ غیاث زاہد نے قبرصی کلب اے پی او ای ایل کی جانب سے چیمپئنز لیگ میں شرکت کی، لیکن انہوں نے کبھی پاکستان قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی۔
اس طرح عبداللہ اقبال پاکستان قومی ٹیم کے پہلے فعال کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے یوئیفا چیمپئنز لیگ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کا اعزاز اپنے نام کیا۔
یہ کامیابی نہ صرف عبداللہ اقبال کے کیریئر بلکہ مجموعی طور پر پاکستانی فٹبال کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل سمجھی جا رہی ہے، جس سے مستقبل میں مزید پاکستانی کھلاڑیوں کے یورپی فٹبال میں آگے بڑھنے کی راہ ہموار ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




