فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میچ کے ٹکٹ امریکی کھیلوں کی تاریخ کے مہنگے ترین ٹکٹ بن گئے ہیں، جن کی قیمتوں نے اس سے قبل قائم تمام ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ فائنل کے لیے کم از کم ٹکٹ کی قیمت 6 ہزار 943 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اوسط خریداری قیمت 11 ہزار 327 ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جو امریکا میں کسی بھی بڑے اسپورٹس ایونٹ کے ٹکٹ کی اب تک کی بلند ترین اوسط قیمت ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں واقع سیکشن 115A کی ایک نشست کی قیمت 28 ہزار 479 ڈالر تک ریکارڈ کی گئی، جو غیرمعمولی سمجھی جا رہی ہے۔
اس سے قبل 2024 کے سپر باؤل کو امریکا کا مہنگا ترین اسپورٹس ایونٹ قرار دیا جاتا تھا، جہاں ایک ٹکٹ کی اوسط قیمت 9 ہزار 411 ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل نے یہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل 19 جولائی 2026 کو میٹ لائف اسٹیڈیم، نیو جرسی میں کھیلا جائے گا، جہاں دنیا بھر سے شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔




