آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی20 ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی

مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں “سپر سیریز” جبکہ ٹی20 ورلڈ کپ میں “سپر 10” مرحلہ متعارف کرانے کا فیصلہ

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی20 ورلڈ کپ کو مزید دلچسپ اور مسابقتی بنانے کے لیے دونوں ایونٹس کے فارمیٹس میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے تین مرحلوں پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرایا جائے گا۔ نئے فارمیٹ کے تحت ٹورنامنٹ کا آغاز 12ویں، 13ویں اور 14ویں نمبر کی ٹیموں کے درمیان “سپر سیریز” سے ہوگا، جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔

دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ میں 6،6 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں جبکہ ایک بہترین رینکنگ رکھنے والی ٹیم “سپر 7” مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

سپر 7 مرحلے میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، جس کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی اور فاتح ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ کا مقصد ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ سے ہر مقابلے کو زیادہ اہم، دلچسپ اور سنسنی خیز بنانا ہے۔

دوسری جانب 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی20 ورلڈ کپ میں “سپر 8” کی جگہ “سپر 10” مرحلہ متعارف کرایا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں تمام ٹیموں کو پانچ گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ سے دو، دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

سپر 10 مرحلے میں 10 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں گروپس کی ٹاپ ٹیمیں براہ راست سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان پہلی بار ایلیمینیٹر میچز کھیلے جائیں گے۔ ان مقابلوں کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی۔

آئی سی سی نے اس کے علاوہ ایسوسی ایٹ ممالک کی کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل عالمی ٹی20 ٹورنامنٹ کرانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں