فیفا ورلڈ کپ: اسپین نے فرانس کو 0-2 سے شکست دے کر 16 برس بعد فائنل میں جگہ بنا لی

میکیل اویارزابال اور پیڈرو پورو کے گول، فرانس کے اسٹار کیلیان ایمباپے گول کرنے میں ناکام رہے

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو 0-2 سے شکست دے کر 16 برس بعد میگا ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیلس میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں اسپین نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 22ویں منٹ میں میکیل اویارزابال نے پنالٹی کک پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔

دوسرے ہاف میں اسپین نے اپنی برتری مزید مستحکم کرتے ہوئے 58ویں منٹ میں پیڈرو پورو کے شاندار گول کی بدولت اسکور 0-2 کر دیا۔

فرانس نے میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی، تاہم ٹورنامنٹ میں 8 گول کرنے والے اسٹار فارورڈ کیلیان ایمباپے اسپین کے مضبوط دفاع کے سامنے گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 2010 کے بعد پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ اسپین نے 2010 میں جنوبی افریقا میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

فیفا ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آج ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کی فاتح ٹیم فائنل میں اسپین کا مقابلہ کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں