ایسا انوکھا خاندان جس کی 5 نسلوں کی تاریخ پیدائش ایک ہی ہے

امریکی ریاست آئیووا سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کی 5 نسلوں کے افراد کی تاریخ پیدائش ایک ہی ہے، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کرلیا گیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق فریڈ ہارلو اور ان کے خاندان کے 5 افراد کی پیدائش 14 ستمبر کو ہوئی، جو ایک ہی خاندان کی متعدد نسلوں کی ایک ہی تاریخ پیدائش کا منفرد ریکارڈ ہے۔

فریڈ ہارلو 14 ستمبر 1972 کو پیدا ہوئے، جبکہ ان کے نانا ویبر کی پیدائش 14 ستمبر 1907 اور والدہ ایڈی کی پیدائش 14 ستمبر 1949 کو ہوئی تھی۔

اسی طرح فریڈ ہارلو کی بیٹی ایما بیل بھی 14 ستمبر 1997 کو پیدا ہوئیں، جبکہ ان کے نواسے آرتھر کی پیدائش 14 ستمبر 2025 کو ہوئی۔

فریڈ ہارلو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک تحفہ اور انتہائی منفرد بات ہے، ہم ہمیشہ اسے عجیب اتفاق سمجھتے تھے لیکن کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ کسی عالمی ریکارڈ کا حصہ بن جائے گا۔

ایما بیل کے مطابق بیٹے آرتھر کی پیدائش کے بعد انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کا باضابطہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ 4 نسلوں تک محدود تھا، تاہم آرتھر کی پیدائش کے بعد ہارلو خاندان نے 5 نسلوں تک ایک ہی تاریخ پیدائش کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

ایما بیل نے بتایا کہ وہ اپنی دادی سے بچپن میں یہ بات سنتی رہی تھیں کہ ان کا بیٹا 14 ستمبر کو پیدا ہوگا، اسی لیے وہ اس تاریخ کو لے کر بہت پرعزم تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آرتھر کی پیدائش عین 14 ستمبر کو ہوئی اور اگر ان کی دادی زندہ ہوتیں تو اس موقع پر بہت خوش ہوتیں۔

خاندان کے مطابق اس اتفاق کا ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ 14 ستمبر کو پیدا ہونے والے افراد میں جنس کی ایک خاص ترتیب بھی برقرار رہی۔

ایما بیل نے بتایا کہ سلسلہ ویبر سے شروع ہوا، پہلے لڑکا، پھر لڑکی، پھر لڑکا، پھر لڑکی اور اب دوبارہ لڑکا پیدا ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں