یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی مذاکرات کاروں نے روس کے ساتھ امن مذاکرات میں دونباس کے علاقے سے ممکنہ دستبرداری کے بدلے یوکرین کو نیٹو کی رکنیت دینے کی تجویز پیش کی ہے۔
یوکرینی صدارتی دفتر سے ہفتے کے روز جاری بیان کے مطابق ابوظہبی میں روس کے ساتھ ہونے والے تازہ امن مذاکرات کے دوران پہلی مرتبہ نیٹو کی رکنیت کو علاقائی رعایتوں سے مشروط کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
صدر زیلنسکی نے بتایا کہ امریکی نمائندوں نے مذاکرات میں سوال اٹھایا کہ اگر یوکرین کو نیٹو کی رکنیت مل جائے تو کیا وہ دونباس کے علاقے سے دستبردار ہونے پر آمادہ ہوگا؟
ان کا کہنا تھا کہ اس تجویز سے نیٹو کی رکنیت کا معاملہ ایک مرتبہ پھر مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہوگیا ہے، تاہم روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مؤقف کے باعث یہ معاملہ انتہائی پیچیدہ ہے۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن طویل عرصے سے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کو روس کی سلامتی کے لیے خطرہ اور اپنی سرخ لکیر قرار دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے 2022 میں یوکرین پر حملے کی وجوہات میں بھی نیٹو کی ممکنہ توسیع کا حوالہ دیا تھا۔
زیلنسکی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ یوکرین اپنے علاقے سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک کو ایک جامع پیکج فراہم کیا جائے جس میں سکیورٹی کی ضمانتیں، مضبوط اور مالی طور پر مستحکم فوج برقرار رکھنے کا حق اور تعمیر نو کے لیے فنڈز شامل ہوں تو وہ اس معاملے کو قومی ریفرنڈم کے لیے عوام کے سامنے رکھ سکتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور خصوصی نمائندے جیرڈ کشنر نے ہفتے کے روز کہا کہ رواں ہفتے ہونے والے مذاکرات میں دونوں فریقوں نے سخت مؤقف اختیار کیا، تاہم نجی گفتگو میں دونوں جانب سے اس بات کا ادراک موجود ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے عملی سمجھوتے کرنا ہوں گے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




