اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ 30واں اجلاس پاکستان کی میزبانی میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے، جس میں علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس کے پہلے مرحلے میں سیکریٹریز اور فوکل نمائندگان وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا ایجنڈا طے کریں گے، جبکہ وزرائے خارجہ کا اجلاس کل منعقد ہوگا۔
ترکیے کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کُلاک لِکایا اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ترک وفد کی قیادت کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے، تاہم افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
اجلاس کے دوران علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
اجلاس کے ایجنڈے میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات مضبوط بنانے اور علاقائی روابط کو مزید وسعت دینے سمیت اہم امور شامل ہیں۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




