وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس عمل میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر اتفاق رائے کے بعد سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو سکتا ہے۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے کسی کی سیاست کو خطرہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کے لیے ایک خوش آئند پیشرفت ہوگی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیاسی بیانیے وقت کے ساتھ تبدیل ہوتے رہتے ہیں، تاہم نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کبھی نہیں کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے یا انتظامی یونٹس کس طریقہ کار کے تحت قائم ہوں گے، اس بارے میں انہیں علم نہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نئے سال میں نیا نظام سامنے آ سکتا ہے، اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ کوئی متفقہ حل نکل آئے گا۔ ان کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں تمام خدشات اتفاق رائے میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔
بانی پاکستان تحریک انصاف سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ اگر وہ آمادہ ہو جائیں تو ان کے لیے بھی سیاسی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ ملاقاتوں میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے اور سیاست ممکنات کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر سیاسی رہنما نئے صوبوں کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔




