این سی سی آئی اے جلد محمد رضوان سے رابطہ کرے گی، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) مبینہ آن لائن بیٹنگ اور جوئے کی سرگرمیوں سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان سے جلد رابطہ کرے گی۔

لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی سے محمد رضوان کے حوالے سے جاری تحقیقات سے متعلق سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل انہیں این سی سی آئی اے کی جانب سے اس معاملے پر بریفنگ دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران کچھ مزید وضاحتیں درکار ہیں، جن کے لیے متعلقہ ادارہ جلد محمد رضوان سے رابطہ کرے گا۔ ان وضاحتوں کے حصول کے بعد تحقیقات کی رپورٹ کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محمد رضوان سے ایک یا دو معاملات پر وضاحت طلب کی جا رہی ہے، جس کے بعد این سی سی آئی اے اپنی رپورٹ مکمل کرلے گی۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کے ماسٹر پلان کی تیاری میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ڈیزائننگ ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ عاقب جاوید اور ڈیزائننگ ٹیم نے اس منصوبے پر بھرپور محنت کی ہے اور نئی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے گا۔

محسن نقوی کے مطابق اپ گریڈیشن کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی ایک جدید ترین مرکز ہوگا، جہاں کھلاڑیوں کی تربیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے عالمی معیار کی سہولیات اور جدید مشینری فراہم کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں