خلائی تحقیق کی تاریخ کے طویل ترین مشنز میں شامل ناسا کا خلائی جہاز وائجر 1 زمین سے ایک نوری دن کی مسافت طے کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے، توقع ہے کہ 18 نومبر کو یہ زمین سے تقریباً 25 ارب 90 کروڑ کلومیٹر دوری پر پہنچ کر اہم سنگ میل عبور کرلے گا۔
وائجر 1 کو 5 ستمبر 1977 کو مشتری، زحل اور نظام شمسی کے بیرونی حصوں کا مطالعہ کرنے کے لیے خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔ تقریباً پانچ دہائیوں سے جاری اس سفر کے دوران خلائی جہاز نے سائنسدانوں کو نظام شمسی اور اس سے باہر کے ماحول کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی ہیں۔
ناسا کے وائجر پروگرام کے تحت وائجر 1 کے ساتھ وائجر 2 بھی خلا میں بھیجا گیا تھا۔ دونوں خلائی جہازوں کی روانگی کے درمیان 16 روز کا فرق تھا۔ وائجر 1 اگست 2012 میں جبکہ وائجر 2 نومبر 2018 میں ہیلیوپاز عبور کرکے بین النجمی خلا میں داخل ہوئے تھے۔
یہ دونوں اس وقت انسان کے تیار کردہ واحد فعال خلائی جہاز ہیں جو نظام شمسی کی بیرونی حد سے آگے بین النجمی خلا میں سفر کر رہے ہیں۔
18 نومبر کو وائجر 1 کا زمین سے فاصلہ تقریباً 25 ارب 90 کروڑ کلومیٹر ہوجائے گا، جسے ایک نوری دن کی مسافت قرار دیا جاتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ روشنی کی رفتار سے سفر کرنے والے ریڈیو سگنل کو بھی زمین سے خلائی جہاز تک پہنچنے میں تقریباً 24 گھنٹے لگیں گے۔
ماہرین کے مطابق ایک نوری سال کا فاصلہ طے کرنے کے لیے وائجر 1 کو تقریباً 18 ہزار سال درکار ہوں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وائجر مشنز کو ابتدا میں صرف پانچ سال تک کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا، تاہم دونوں خلائی جہاز توقعات سے کہیں زیادہ عرصے تک کام کرتے رہے اور خلائی تحقیق کے طویل ترین مشنز میں شامل ہوگئے۔
وائجر 1 میں تین کمپیوٹر سسٹمز نصب ہیں، جو خلائی جہاز کے سائنسی آلات سے معلومات جمع کرنے اور انہیں زمین پر منتقل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ دونوں خلائی جہاز آج بھی اپنی بڑھتی عمر اور تکنیکی مسائل کے باوجود ڈیٹا بھیج رہے ہیں۔
وائجر 2 کو زمین سے ایک نوری دن کی مسافت تک پہنچنے کے لیے تقریباً 2035 تک سفر جاری رکھنا ہوگا، جبکہ ناسا کے ماہرین دونوں خلائی جہازوں کو باقاعدگی سے کمانڈز بھیجتے رہتے ہیں تاکہ ان کے سائنسی مشنز جاری رکھے جاسکیں۔




