بھارتی ریاست آسام میں فٹبال کے ساتھ کھیلتے جنگلی ہاتھی کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع گولہ گھاٹ کے علاقے نومالی گڑھ میں ایک جنگلی ہاتھی کو فٹبال کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہرے بھرے میدان میں موجود ہاتھی کبھی اپنے پاؤں سے فٹبال کو کک مارتا ہے تو کبھی سونڈ کی مدد سے بال کو اٹھا کر دور پھینک دیتا ہے۔
ویڈیو میں مقامی افراد بھی دکھائی دیتے ہیں جو ہاتھی کے قریب آنے پر اپنی حفاظت کے لیے وہاں سے دور بھاگتے نظر آتے ہیں۔
جنگلی ہاتھی کا فٹبال کے ساتھ کھیلنے کا انداز دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی محظوظ ہو رہے ہیں اور ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت میں ایک جنگلی ہاتھی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کی گردن میں ٹرک کا ٹائر پھنس گیا تھا۔ ہاتھی کو بعد ازاں ریسکیو آپریشن کے ذریعے ٹائر سے آزاد کرالیا گیا تھا۔




