اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے کی تیاری مکمل، حدود میں توسیع کی تجویز

وفاقی دارالحکومت کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے کے لیے منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت شہر کا انتظامی سربراہ میئر ہوگا جبکہ منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی انتظامی اور جغرافیائی ہیئت تبدیل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد کو خصوصی حیثیت یا ایک مثالی انتظامی یونٹ بنایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ منصوبے کے تحت اسلام آباد کا انتظامی سربراہ میئر ہوگا جبکہ نئے انتظامی یونٹ کے منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 کے درمیان رکھنے کی تجویز ہے۔ منصوبے میں وفاقی دارالحکومت کی جغرافیائی حدود میں توسیع بھی شامل ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور اور راولپنڈی کے بعض علاقوں کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ ضلع مری کے حلقہ این اے 51 کے بعض علاقے بھی وفاقی دارالحکومت کی حدود میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی منصوبے میں گوادر اور دیگر بندرگاہوں کو اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور تھی، تاہم اب یہ منصوبہ ترک کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں