امریکا میں فضائی آپریشن متاثر ہونے کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے استعفے کا مطالبہ شدت اختیار کرگیا، نیویارک کے گورنر نے مطالبہ کیا ہے کہ شان ڈفی خود عہدے سے مستعفی ہو جائیں، بصورت دیگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں برطرف کریں۔
گزشتہ روز فضائی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث امریکا بھر میں تقریباً 13 ہزار پروازیں متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن روکنا پڑا اور لاکھوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
گراؤنڈ اسٹاپ ختم ہونے کے باوجود ہزاروں مسافر اب بھی امریکی ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کو مکمل طور پر بحال کرنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔
فضائی آپریشن میں بڑے پیمانے پر تعطل کے معاملے پر وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ نیویارک کے گورنر نے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ خود عہدہ نہیں چھوڑتے تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں برطرف کریں۔
دوسری جانب وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے اعتراف کیا ہے کہ پروازوں کی غیر معمولی معطلی کی بنیادی وجہ پرانا ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم اور فرسودہ ٹیکنالوجی تھی۔
ان کے مطابق مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب ایک کنٹریکٹر فائبر آپٹک کیبل میں موجود کاپر وائر کو جدید ٹیکنالوجی سے تبدیل کرنے کا کام کر رہا تھا، جس کے دوران فضائی نظام متاثر ہوا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




