جزوی نابینا شخص نے 150 میل تک موٹروے پر گاڑی چلائی، عدالت نے سزا سنا دی

انگلینڈ میں ایک جزوی نابینا شخص نے نشے کی حالت میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے تقریباً 150 میل تک موٹروے پر گاڑی چلائی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔

یہ واقعہ 29 جون 2026 کی علی الصبح پیش آیا، جب پولیس اہلکاروں نے ایم 6 موٹروے پر کارلائل کے قریب ایک گاڑی کو ایک لین سے دوسری لین میں غیر معمولی انداز میں لہراتے ہوئے دیکھا۔

پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو روک کر ڈرائیور کی جانچ کی تو معلوم ہوا کہ وہ نشے کی حالت میں تھا، اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا جبکہ اس کی بینائی تقریباً ختم ہوچکی تھی۔

عدالت میں گزشتہ دنوں ہونے والی سماعت کے دوران 50 سالہ انتھونی ہال نے اعتراف کیا کہ اس نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے اور نشے کی حالت میں اپنی شریک حیات کی گاڑی ان کی اجازت کے بغیر چلائی تھی۔

ان کے وکیل کے مطابق انتھونی ہال نے شریک حیات سے جھگڑے اور مالی مشکلات کے بعد یہ قدم اٹھایا۔

نابینا شخص نے 150 میل تک گاڑی کیسے چلائی؟

انتھونی ہال نے عدالت کو بتایا کہ شریک حیات سے جھگڑے کے بعد انہوں نے نشے کی حالت میں اسکاٹ لینڈ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان کے پاس کبھی ڈرائیونگ لائسنس نہیں رہا، تاہم ماضی میں جب ان کی بینائی بہتر تھی تو وہ گاڑی چلانا جانتے تھے۔

ان کی بینائی تقریباً دو سال قبل بہت زیادہ متاثر ہوئی تھی، لیکن اس کے باوجود انہوں نے اسکاٹ لینڈ جانے کا ارادہ ترک نہیں کیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ایم 6 موٹروے پر سفر کے دوران ہال نے ایک گیس اسٹیشن پر گاڑی روک کر ایندھن بھی بھروایا، تاہم وہاں موجود عملے میں سے کسی نے پولیس کو یہ اطلاع نہیں دی کہ گاڑی چلانے والا شخص تقریباً نابینا ہے۔

ہال کے مطابق وہ اب بھی مدھم روشنیوں کو کسی حد تک دیکھ سکتے تھے، اس لیے انہوں نے ایک بڑے ٹرک کے پیچھے گاڑی چلائی اور ٹرک کی پچھلی لائٹس کا تعاقب کرتے رہے۔

تاہم گاڑی کو ایک لین میں مستحکم رکھنا ان کے لیے مشکل ثابت ہوا، جس کے باعث پولیس اہلکاروں نے انہیں روک لیا۔

عدالت نے سزا سنا دی

اس واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی حادثہ پیش نہیں آیا، تاہم عدالت نے انتھونی ہال کو مجموعی طور پر 36 ماہ قید کی سزا سنائی، جس میں سے 18 ماہ معطل ہیں۔

عدالت میں سامنے آنے والے واقعے نے موٹروے پر بغیر لائسنس، نشے کی حالت اور شدید متاثرہ بینائی کے ساتھ گاڑی چلانے کے خطرات کو بھی نمایاں کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں