دادو کے کچے میں دو گروہوں میں فائرنگ، 8 افراد جاں بحق، 3 زخمی

دادو کے کچے کے علاقے گوٹھ دانو چانڈیو میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دونوں برادریوں کے درمیان زمین کے تنازع پر اختلافات تھے اور راستہ نکالنے کے معاملے پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ علاقے میں صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گوٹھ دانو چانڈیو میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں